• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فری لانسنگ کے میدان میں دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن چکا، احسن اقبال

لاہور( آصف محمود بٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ تیسرے آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈز2026کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فری لانسنگ کے حوالے سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن چکا ہے اور اس کامیابی کا سہرا ان نوجوانوں کے سر جاتا ہے جو اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کے ذریعے عالمی منڈیوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تیسرے آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر پاکستان کو خطے کا مضبوط ڈیجیٹل اکانومی ہب بنا سکتے ہیں،لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل، پنجاب کے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، سابق صدر لاہور چیمبر میاں انجم نثار، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور کنوینر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے آئی ٹی مدثر نعیم سمیت کاروباری و آئی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ "اڑان پاکستان" جیسے قومی وژن میں انوویشن اور ڈیجیٹل معیشت کا فروغ ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ حکومت آئی ٹی اور نالج اکانومی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور نجی شعبہ باہمی تعاون سے پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں اور ملک کو خطے میں ایک مضبوط اور کامیاب ڈیجیٹل اکانومی ہب بنایا جا سکتا ہے۔فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی پروفیشنلز اور فری لانسرز اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کاروبار دوست پالیسیوں اور نجی شعبے سے مشاورت کے ذریعے آئی ٹی اور فری لانسنگ جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کی مزید سرپرستی کی جائے گی ۔
اہم خبریں سے مزید