کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں اپنے نامزد امیدواروں کی کامیابی کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر میں مقیم کشمیری ووٹرز سے رابطوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون کے صدر سردار ذوالفقار علی اور کراچی کے فوکل پرسن راجا ظہیر نے ہفتے کے روز پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور جنرل سیکریٹری وقار مہدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں 27 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کے انتخابات اور انتخابی مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر نثار احمد کھوڑو نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے-40 ویلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عامر عبدالغفار لون، حلقہ ایل اے- 34جموں سے امیدوار کرنل (ر) چوہدری عبدالقدیر سمیت دیگر پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے کراچی اور سندھ بھر میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنان کو انتخابی سرگرمیاں مزید مؤثر بنانے اور عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔