پشاور( جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعے میں ایک شخص لاپتہ جبکہ 6افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ چند روز قبل کالام ویلی کے علاقے مٹلتان میں پیش آیا تھا جس کی اطلاع اس وقت ملی جب متاثرہ افراد واپس مرکزی بازار پہنچے۔ لاپتہ شخص کی شناخت سید علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو خوازہ خیلہ کے رہائشی تھے۔ ساتھیوں کے مطابق ان کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے، تاہم لاش تاحال نہیں مل سکی۔ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی ہونے والے تین افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کالام منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے سیدو شریف کے سنٹرل ہسپتال بھیج دیا گیا۔ دیگر تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں اور وہ محفوظ ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے اور مزید تصدیق شدہ معلومات سامنے آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔