اسلام آباد ( فاروق اقدس) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینٹر اسحاق ڈار اور ریاست کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح نے کویت کی سرزمین پر جاری حملوں کے حوالے سے اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور اسلام اباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درامد کیا جائے گا گفتگو کے دوران کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح نے مکالمے کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ثالثی پر مبنی کردار کو بھی سراہا وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا کہ علاقائی امن وامان اورسلامتی کا تحفظ سب سے اولین ترجیح رہنا چاہیے پاکستانی وزیر خارجہ نے اسلام اباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی کے وعدوں کی پاسداری اور کسی بھی ایسی کاروائی سے گریز کی اہمیت پر بھی زور دیا جو مزید کشیدگی کا باعث بن سکتی ہو دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔