اسلام آباد(تنویر ہاشمی) ایمبیسڈرمعین الحق نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل کا چارج سنبھال لیا، انہوں نےسفیر سہیل محمود کی بطور ڈی جی مدت مکمل ہونے پر آئی ایس ایس آئی میں اپنا عہدہ سنبھالا ہے،۔سفیر معین الحق سفارتکاری اور اعلیٰ سطح کی فیصلہ سازی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی فارن سروس میں 35 سال تک خدمات انجام دیں اور ہیڈکوارٹرز کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مشن میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان کی آخری تعیناتیچین میں تھی جہاں انہوں نے 2020سے 2023کےد وران چین میں پاکستان کے سفیر کے طور پر فرائض انجام دیئے ، اس سے قبل وہ فرانس میں (2016-2020) اور وینکوور میں قونصل جنرل (2007-2010) بھی رہ چکے ہیں۔ وہ ایڈیشنل سیکرٹری (انتظامیہ)، چیف آف پروٹوکول، ڈائریکٹر جنرل (یورپ) اور ڈائریکٹر (سیکرٹری خارجہ آفس) کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اپنے سفارتی کیریئر کے اوائل میں انہوں نے برسلز، کولمبو، انقرہ میں پاکستان کے سفارتخانوں میں اور نیویارک میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن میں کونسلر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔