• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم و ماحولیاتی لیوی سے 1478 ارب وصول، حکومت بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک محدود رکھنے میں کامیاب

اسلام آباد(مہتاب حیدر) پٹرولیم وماحولیاتی لیوی سے 1,478ارب وصول، حکومت بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک محدود رکھنے میں کامیاب رہی۔ صوبوں نے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت13.1کھرب کا سرپلس دیا، مالیاتی خسارہ کم ہو کر20.3 کھرب روپے، ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 112کھرب 28ارب روپے رہیں، وفاقی بجٹ خسارہ 334 ارب روپے ، قرضوں پر سود ادائیگی 61کھرب 63ارب روپے تک پہنچ گئی، تمام پی ایس ڈی پی فنڈز سو فیصد استعمال ہونے کا دعویٰ،وزارت خزانہ جلد مالیاتی اعداد و شمار جاری کرے گی۔پٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ لیوی کی مد میں 1,478ارب روپے سے زائد کی وصولی کے باعث حکومت مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران وفاقی بجٹ خسارے کو 33.4کھرب ارب روپے، یعنی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 2.6فیصد تک محدود رکھنے میں کامیاب رہی۔آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق صوبوں نے مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ میں 13.1 کھرب روپے کا ریونیو سرپلس پیدا کیا، جس کے نتیجے میں مجموعی مالیاتی خسارہ کم ہو کر20.3 کھرب روپے، یا جی ڈی پی کے 1.6 فیصد کے برابر رہا۔پورے مالی سال کے لیے حکومت نے مجموعی مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 3 فیصد، یا 37.7 کھرب روپے تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا تھا، جو گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینوں کے مطابق تھا، جبکہ ابتدائی ہدف جی ڈی پی کے 3.9 فیصد، یا 50.3 کھرب روپے رکھا گیا تھا۔وزارت خزانہ نے ابھی تک 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال 2025-26 کے مکمل مالیاتی آپریشنز کے تطبیق شدہ اعداد و شمار جاری نہیں کیے، کیونکہ حتمی اعداد و شمار آئندہ چند ہفتوں میں مرتب کیے جائیں گے۔تاہم مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ کے سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ غیر ٹیکس آمدنی کی تین بڑی مدات، یعنی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے منافع، پٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی بدولت حکومت کو 48.2کھرب روپے حاصل ہوئے، جبکہ پورے مالی سال کے لیے ان مدات کا مجموعی ہدف 51.4کھرب روپے مقرر کیا گیا تھا۔ پہلے گیارہ ماہ کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زائد منافع کی مد میں 24کھرب 28ارب روپے ، پٹرولیم لیوی کی مد میں 14 کھرب 32 ارب روپے اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 45 ارب 96 کروڑ 80لاکھ روپے وصول ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید