کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گلشنِ حدید میں مبینہ طور پر اسٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسٹیل ٹاؤن تھانے کا گھیراؤ کر لیا ، علاقہ مکینوں کا کہناہے کہ گلشنِ حدید میں دو روز قبل احمد رائس شاپ پر دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوگئی ، گزشتہ دو سال کے دوران احمد رائس شاپ پر ڈکیتی کی تیسری واردات ہوئی ہے ، موجودہ وارات میں ڈاکو دکان سے قیمتی موبائل فونز ، لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے باجود پولیس نے ملزمان کا تاحال سراغ نہیں لگایا حالانکہ فوٹیج میں ملزمان کے چہرے بھی واضح ہیں ، 11 جولائی کو موبائل شاپ پر 40 لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی اس کے ملزمان بھی تاحال گرفتار نہیں ہوئے ہیں ، علاقہ مکینوں نے ضلع ملیر میں بڑھتے جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود میں اسلحہ کے زور پر 7سے 8موبائل یومیہ چھیننے کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ متعدد ایسے افراد بھی ہیں جو واردات کی رپورٹ نہیں کراتے ، موٹرسائیکل چھیننے و چوری اور نقب زنی کی وارداتیں بھی عام ہیں۔