کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائبر نوسربازوں نے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کے لیے ایک نئی واردات شروع کر دی ہے، جس میں ٹریفک چالان کے نام پر جعلی ایس ایم ایس بھیجے جا رہے ہیں۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ یہ پیغامات بظاہر ٹریفک پولیس کی آفیشل ہیلپ لائن 1915 کے نام سے موصول ہوتے ہیں، جس سے شہری آسانی سے دھوکے میں آ جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جعلی پیغام میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ متعلقہ شہری کا ٹریفک چالان زیر التوا ہے اور اسے فوری طور پر ادا کرنے کے لیے ایک لنک پر کلک کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ جیسے ہی شہری اس لنک پر کلک کرتا ہے، نوسرباز مختلف طریقوں سے اس کے موبائل فون، ذاتی معلومات، بینکنگ تفصیلات یا دیگر حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس فراڈ کے ذریعے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے بھاری رقوم نکال لی جاتی ہیں، جبکہ بعض متاثرین کی ذاتی معلومات بھی چوری کر لی جاتی ہیں، جنہیں بعد ازاں مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔