اسلام آباد (عاطف شیرازی)قیمتوں کا یومیہ تعین،حکومت کی پٹرولیم صنعت کو بریفنگ،کمیٹی قائم ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہفتہ وار کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر کرنے کے نئے نظام پر صنعت کے تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اصلاحات کا مقصد پیٹرولیم شعبے کو مرحلہ وار ڈی ریگولیٹ کرنا، شفافیت بڑھانا، صارفین کا تحفظ یقینی بنانا اور مسابقتی ماحول کو فروغ دینا ہے۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر پیٹرولیم کی زیر صدارت اوگرا، آئل انڈسٹری اور متعلقہ اداروں کا اجلاس، یومیہ قیمتوں کے نظام کے نفاذ کے عزم کا اعادہ ۔اجلاس میں صنعت کو روزانہ قیمتوں کے تعین کے مجوزہ نظام پر بریفنگ دی گئی اور اس کے نفاذ سے متعلق ابتدائی مسائل اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ اصلاحات وزیراعظم کی ہدایت اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ پیٹرولیم قیمتوں کا تعین شفاف، فارمولا پر مبنی اور مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق ہو، جبکہ قیمتوں کو سیاسی مداخلت سے بھی الگ رکھا جا سکے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ روزانہ قیمتوں کے نظام سے مارکیٹ میں شفافیت آئے گی، ناجائز منافع خوری کے امکانات کم ہوں گے اور صارفین کو منصفانہ قیمتیں ملیں گی۔