• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کا اعتماد ختم ہوجائے تو کوئی حادثہ رونما ہوسکتا ہے، حافظ نعیم

کراچی (ٹی وی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کا اعتماد ختم ہوجائے تو کوئی حادثہ رونما ہوسکتا ہے، یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ ہندوستان آزاد کشمیر پر بات کر رہا ہے اور یقینا یہ موقع ہم نے ہی فراہم کیا ہے ۔ اگر صرف یہ کہا جائے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت ذمہ دار ہے یہ ایک ادھوری بات ہے۔ یہ مسئلے تب پیدا ہوتے ہیں جب بنیادی ضروریات پوری نہیں کی جاتیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں یہ عام تاثر ہے کہ یہاں اُس کی حکومت بنتی ہے جس کی اسلام آباد اور پنڈی چاہتا ہے اور عملاً ایسا ہوتا ہے کہ ایک ہی دورانیہ میں چار سے پانچ وزیراعظم تبدیل ہوجاتے ہیں اور ایک وقت ایسا آیا کہ اپوزیشن ہی نہیں تھی جب اتنا بڑا خلا آجائے گا تو اپوزیشن کا کردار عام لوگوں نے سنبھال لیا اور مطالبات منوانا شروع کئے اور عوامی جدوجہد کے نتیجے میں جب کامیابی حاصل ہوئی۔ جبکہ دوسری طرف سیاسی لیڈر شپ عملی طو رپر کچھ نہیں کر رہی تھی ۔ جب لوگوں کو پتہ چلا کہ اصل فیصلہ ساز سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی براہ راست بات کر کے چیزیں طے ہوتی ہیں اور سیاسی لوگ دستخط کرتے ہیں تو اُن کو طاقت ملتی چلی گئی یہ ناکامی اُن لوگوں کی ہے جو سیاسی نظام کو نہیں پنپنے دیتے اور ان سیاستدانوں کی ہے جو ہر وقت اس تلاش میں رہتے ہیں کہ اسلام آباد اور پنڈی اُن پر ہاتھ رکھ رہا ہے یا نہیں، جس کے نتیجے میں آزاد جموں کشمیر کی عوام حقیقی سیاسی لیڈر شپ سے محروم ہوگئے ہیں۔ اس دفعہ دونوں طرف سے خون بہا ہے جو کسی بھی صورت میں درست بات نہیں ہے۔ اب ضروری ہے کہ اس معاملے کو طول نہ دیا جائے چونکہ اس سے اسٹیبلشمنٹ اور فوج سے متعلق تاثر خراب ہو عوام میں نفرتیں پیدا ہوں پاکستان سے دوری کے لئے کچھ لوگ متحرک ہوں اس سب کا حل یہ ہے کہ ازسر نو اپنی پالیسی کو دیکھیں اور ثالثی کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ میں نے یقینا اس معاملے میں کوشش کی ہے اور پریس میڈیا ٹاک کے ذریعے کوشش کی اور اس کے بعد ہمارے کچھ لوگوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ رابطہ کیااور پھر حکومت سے بھی بات کرنے کی کوشش کی ۔
اہم خبریں سے مزید