کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ50ڈبل ڈیکر بسیں اور500نئی الیکٹرک (ای وی) بسیں صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کی جا رہی ہیں، جن کی آمد سے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ بس ڈپوز کے لئے موزوں اراضی کی نشاندہی اور اس کی فراہمی کا عمل فوری مکمل کیا جائے، کیوں کہ منصوبوں کی کام یابی کے لئے مناسب ڈپو اور آپریشنل انفرااسٹرکچر کی بروقت دستیابی ناگزیر ہے، اس لئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے زمین کی نشاندہی اور دیگر ضروری انتظامات جلد از جلد مکمل کریں۔ وہ ہفتے کو یہاں بس ڈپوز کی تعمیر کے لئے زمین کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) آصف جان صدیقی، متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام اور ضلع ملیر، کورنگی، وسطی اور غربی کے ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے۔