اسلام آباد(نیو زرپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے 18سے 23جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ 19 سے 24 جولائی تک آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں،برساتی گزرگاہوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی اضلاع اور پہاڑی برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم، پونچھ اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔