اسلام آباد(جنگ رپورٹر) آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی نے متنازعہ 26ویں اور27ویں آئینی ترامیم سمیت عدالتی و آئینی امور پر ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سینئر قانون دان علی احمد کرد کو تحریک کا سربراہ مقرر کر دیا ، جبکہ عدالتی تعطیلات کے بعد باقاعدہ تحریک شروع کی جائیگی، اس بات کا اعلان اجلاس کے بعد وکلا ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نےپریس کانفرنس سے خطاب کیا ،حامد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ علی احمد کرد کی سربراہی میں وکلاء تحریک چلانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ، عدالتی تعطیلات کے بعد تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، علی احمد کرد نے کہا کہ ساتھیوں کے اصرار پر بادلِ نخواستہ تحریک کی سربراہی قبول کی ہے، اب معاملہ صرف 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم تک محدود نہیں رہا بلکہ عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد متزلزل ہو چکا ہے ،، اس موقع پر منظور کی گئی قرارداد کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی بجائے کشمیر میں بھی وہی غلطیاں دہرائی جا رہی ہیں۔