کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں امیرزادے آزاد،بڑے ڈالوں سے شہریوں کو کچلنے لگے،درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6 بڑا بخاری سگنل کے قریب ڈبل کیبن گاڑی پھول فروش اور اس کےکمسن بیٹے پر چڑھنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئی ،گاڑی نے سگنل بند ہونے کے باعث فٹ پاتھ پر سے گزرنےکی کوشش کی، باپ بیٹا فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے تھے، حادثے کے بعد گاڑی سوار زخمیوں کو نجی اسپتال لے گیا، مقدمہ متوفی خادم حسین کے بھائی کی مدعیت میں ڈبل کیبن سواروں کے خلاف درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سگنل بند تھا سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی نے فٹ پاتھ پر سے گزرنے کی کوشش کی، اس دوران ڈبل کیبن سوار نے فٹ پاتھ پر سوئے باپ بیٹے کو کچل دیا، حادثے بعد شہری جمع ہوگئے، ڈبل کیبن میں سوار زخمی باپ بیٹے کو لیکر نجی اسپتال چلا جاتا ہے، پولیس کے مطابق ڈبل کیبن میں ایک مرد کے ساتھ خاتون بھی سوار تھی، ڈبل کیبن سوار نے دونوں زخمیوں کو کالا پل کے قریب نجی اسپتال منتقل کیا، جہاں پر حادثہ میں زخمی ہونے والا پھول فروش 45 سالہ خادم حسین جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا 4 سالہ بیٹا ذیشان اسپتال میں زیر علاج ہے، حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والے باپ بیٹا کورنگی ناصر جمپ کے قریب کے رہائشی تھے،پھول فروش کی موت کی خبر ملنے کے بعد ڈبل کیبن سوار اسپتال کے باہر سے فرار ہوگیا، درخشاں پولیس نے حادثے کا مقدمہ متوفی خادم حسین کے بھائی طالب حسین کی مدعیت میں ڈبل کیبن سواروں کے خلاف درج کرلیا، پولیس کے مطابق ڈبل کیبن میں سوار ملزمان کی گرفتاری کےلئے کوشش کررہے ہیں۔ دوسری جانب 20 اور 21جولائی کی درمیان شب گزری تھانے کے علاقے ڈیفنس اتحاد کمرشل سے بخاری کمرشل جاتے ہوئے خوفناک حادثے میں گاڑی میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا تھا زخمی نوجوان جبران طاہر نامی نوجوان تحاد کمرشل سے آن لائن ٹیکسی کے ذریعے اپنے گھر بخاری کمرشل جا رہا تھا خیابانِ حافظ اور خیابانِ بخاری کے موڑ پر ایک مبینہ سیاہ رنگ کی لینڈ کروزر نے گاڑی کو ٹکر ماردی تھی حادثے میں گاڑی میں سوار جبران طاہر شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا، شدید زخمی نوجوان آئی سی یو میں زیر علاج ہے حادثے کے بعد لینڈ کروزر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔