اسلام آباد( تنویر ہاشمی،راناغلام قادر ) پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ’’بی‘‘ 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ "B-" سے بڑھا کر "B" کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، اقتصادی ٹیم اور متعلقہ اداروں کی اس کامیابی کے لیے کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے سفر کو پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو پائیدار اور مضبوط اقتصادی بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔ وزیر اعظم شہیاز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کامیابی حکومت کی موثر معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحاتی اقدامات اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کی مسلسل کوششوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔