کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ انفارمیشن کمیشن نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست مسترد کر دی، مقدمے کی تحقیقات مکمل ہونے اور عدالت میں چالان جمع کرائے جانے تک رپورٹ پبلک نہیں کی جا سکتی کمیشن کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے سانحہ گل پلازہ پر قائم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جاری کرنے کے لیے سندھ انفارمیشن کمیشن سے رجوع کیا گیا تھا۔ کمیشن نے درخواست پر مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے بعد ازاں تفصیلی تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا۔کمیشن کے فیصلے میں چیف سیکرٹری سندھ کا مؤقف بھی شامل کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ سانحہ گل پلازہ سے متعلق انکوائری اور اس پر عمل درآمد کا عمل تاحال جاری ہے۔