کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپرہائی وے جمالی پل کے قریب تیزرفتارٹرک نےبے قابوہو کرموٹرسائیکل کو کچل دیا جس کے باعث موٹر سائیکل سوار چچا بھتیجے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے،پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لیکر اس کے ڈرائیور کو گرفتارکرلیا،تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے جمالی پل سےایوب گوٹھ جاتے ہوئےتیزرفتارٹرک نمبر JZ 0111 ڈرائیورسے بے قابوہونےکے بعد موٹرسائیکل سواروں پرچڑھ گیا ،خوفناک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو عباسی شہید اورسول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم تینوں افراد دوران علاج دم توڑگئے ، جن میں 30 سالہ حبیب ولد اقبال ، 50 سالہ وقار ولد سلیم کے اور28 سالہ شخص کی شناخت عدیل ولد غلام مصطفٰی کے نام سے کی گئی ،50 سالہ وقاراور حبیب آپس میں چچا بھتیجے ،احسن آباد کے رہائشی اورفرنیچرکا کام کرتے تھے متوفی حبیب شادی شدہ تھا جبکہ متوفی وقار2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھا، یہ افراد کام پر جا رہے تھے کہ خوفناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے،ایس ایچ اوسائٹ سپرہائی وے چوہدری محمد نوازکے مطابق حادثہ سپرہائی وے جمالی پل سےایوب گوٹھ جاتے ہوئےتیز رفتار ٹرک کا یوٹرن لیتے ہوئے بریک فیل ہوگیا تھا جس کے باعث ٹرک موٹر سائیکل سواروں پرچڑھ گیا ، حادثے کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو تحویل میں لیکراس کے ڈرائیورشہباز عبدالخالق کوگرفتار کرلیا جس کےخلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔