کولمبو (جنگ نیوز) سری لنکا پریمیئر لیگ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انتظامی غفلت کے باعث ایک غیر متوقع تنازع کا شکار ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کینڈی رائلز کی انتظامیہ نے انہیں کولمبو کیپٹلز کے خلاف میچ میں امپیکٹ پلیئر کے طور پر کھلانے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم میچ کے دوران معلوم ہوا کہ تجزیہ کار (اینالسٹ) کی غلطی سے ان کا نام سرکاری ٹیم شیٹ میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔ اس پر شاہین نے معاملہ ایل پی ایل کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ایک اہلکار کے نوٹس میں لایا، جس کے بعد میچ ریفری کو بھی آگاہ کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق اس واقعے پر شاہین شدید برہم ہوئے اور وطن واپس جانے کا ارادہ کرلیا، تاہم فرنچائز اور لیگ حکام نے معذرت کرتے ہوئے انہیں ٹورنامنٹ میں رکنے پر آمادہ کر لیا۔ ایل پی ایل ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ میچ ریفری کو غلط ٹیم شیٹ جمع کرائی گئی تھی، جس سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔