اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن کے عوام آج تیر کے نشان پر مہر لگا کر کشمیر کی ترقی ،خوشحالی اور امن کو ووٹ دیں ۔ آزادجموں و کشمیر کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، 27 جولائی کو تیر پر مہر لگائیں۔27 جولائی میرپور ڈویژن میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ میرپور کے عوام نے منگلا ڈیم کے لیے اپنی زمینیں اور گھر قربان کیے، اور ان کی اسی قربانی سے پورا پاکستان روشن ہوا۔ اس کے علاوہ اوورسیز کشمیریوں نے اپنی محنت اور ترسیلاتِ زر سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔ جب بھی پاکستان کو مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا، میرپور کے لوگ ہمیشہ سب سے آگے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس چمن پر کشمیریوں کا پورا حق نہیں؛ اس کے وسائل، فیصلوں اور مستقبل پر یہاں کے عوام کا برابر کا حق ہے۔