لاہور( این این آئی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا زرداری صاحب کی سالگرہ پر خالی کرسیوں کا جلسہ کرنا توہین ہے، گورنر ہائوس پنجاب میں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا،شکر کریں مینار پاکستان میں جلسے کی خفت سے نجات مل گئی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری صاحب کو انکی سالگرہ مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے زرداری صاحب کی سالگرہ پر لاہور میں جلسے کا اعلان کیا گیا۔ پھر اس طرح کا خالی کرسیوں کا جلسہ کرنا زرداری صاحب کی توہین ہے۔ جس نے بھی انکو لاہور میں جلسہ کرنے کا مشورہ دیا اسکی کلاس ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں چوتھے نمبر پر لانے والے وہی لوگ ہیں جو اپنی پارٹی قیادت کو گرانڈ حقیقت سے غلط رپورٹیں دیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی پنجاب والی قیادت کا پارٹی سے زیادہ پنجاب حکومت پر فوکس ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ یہ لوگ جتنی توجہ پنجاب حکومت پر مرکوز رکھتے اتنی اپنی پارٹی پر توجہ دیتے تو آج پنجاب میں پیپلز پارٹی کا یہ حال نہ ہوتا۔