کراچی (مطلوب حسین) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کراچی زون نے ریجنل پاسپورٹ آفس ملیر میں مبینہ کرپشن، رشوت ستانی اور غیر قانونی پاسپورٹ پراسیسنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے 7ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابقایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل (AHTC) کراچی نے خفیہ اطلاع پر ریجنل پاسپورٹ آفس ملیر میں مبینہ کرپشن، رشوت ستانی اور غیر قانونی پاسپورٹ پراسیسنگ میں ملوث نجی ایجنٹس محمد عامر، محمد عتیق، سید مختیار علی اور شیخ مقصود علی کے علاوہ ریجنل پاسپورٹ آفس ملیر کے ڈیٹا انٹری آپریٹر نوید علی، ایل ڈی سی و فوٹوگرافر محمد عاطف اور ڈریگن سیکیورٹی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ ظفر علی کو گرفتار کرلیا جو ریجنل پاسپورٹ آفس ملیر میں تعینات تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان شہریوں سے 4 ہزار سے 5 ہزار روپے تک رشوت وصول کرکے سرکاری قواعد و ضوابط اور میرٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے پاسپورٹ کے اجرا اور دیگر امیگریشن سہولیات میں غیر قانونی سہولت فراہم کرتے تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق سیکیورٹی گارڈ ایجنٹس سے رشوت کی رقم وصول کرکے متعلقہ اہلکاروں تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کرتا تھا،ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ بدعنوانی سے متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔