کراچی (نیوز ڈیسک) کاکروچ تحریک کا اگلا مرحلہ کیا ہوگا؟ بھارتی طلبہ نے نئی حکمت عملی کا اعلان کر دیا۔ سی جے پی کا کہنا تھا جدوجہد ختم نہیں ہوئی بلکہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، اب صرف تعلیم نہیں دیگر عوامی مسائل پر بھی بات ہوگی۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے طلبہ پر طاقت کا استعمال قابل مذمت، امت شاہ اور دہلی پولیس کیخلاف کارروائی، حکومت سے جواب طلب کرینگے۔ میڈیا اطلات کے مطابق بھارت میں امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے خلاف شروع ہونے والی نوجوانوں کی کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی تحریک وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد وقتی طور پر ختم کر دی گئی ہے، تاہم تنظیم نے واضح کیا ہے کہ یہ جدوجہد ختم نہیں بلکہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ حکومت نے متاثرہ طلبہ کے خاندانوں کو قواعد کے مطابق زیادہ سے زیادہ مالی امداد دینے اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں مظاہرین کے خلاف مقدمات واپس لینے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم پولیس تشدد پر معافی اور تمام گرفتار افراد کی رہائی جیسے مطالبات تاحال پورے نہیں ہوئے۔ سی جے پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اب تحریک صرف تعلیمی اصلاحات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دیگر عوامی مسائل پر بھی کام کیا جائے گا، تاہم اسے فوری طور پر سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب کانگریس کے رہنما راہول گاندھی سمیت اپوزیشن جماعتوں نے طلبہ پر طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ امت شاہ اور دہلی پولیس کے خلاف کارروائی اور پارلیمان میں حکومت سے جواب طلبی کا اعلان کیا ہے۔