کراچی /ٹھٹھہ(اسٹاف رپورٹر/نامہ نگار) کے الیکٹرک کی بجلی بندش سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن متاثر کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے تفصیلات کے مطابق کراچی کو 75 ملین گیلن پانی کی فراہمی میں عارضی کمی کا خدشہ ھے ترجمان قادر شیخ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کے مختکف علاقوں میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان کے مطابق صبح 8بجکر 45منٹ پر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تھرڈ فیز میں بجلی کا بریک ڈاؤن پیش آیا، جس کے بعد اس فیز کی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ کے الیکٹرک نے واقعے کو کیبل فالٹ قرار دیتے ہوئے فالٹ کے خاتمے کے لیے اپنی تکنیکی ٹیم موقع پر روانہ کر دی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تین پمپس عارضی طور پر بند ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی کو یومیہ 75ملین گیلن پانی کی فراہمی میں عارضی کمی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی میں اس عارضی کمی کے باعث نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور اسکیم 33کے بعض علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ فالٹ کے فوری خاتمے اور بجلی کی مکمل بحالی کے لیے کے الیکٹرک سے مسلسل رابطے میں ہے۔ بجلی کی بحالی کے فوراً بعد تمام متاثرہ پمپس دوبارہ آپریشنل کر دیے جائیں گے تاکہ شہر میں پانی کی فراہمی جلد از جلد معمول پر لائی جا سکے۔