راولپنڈی (اے پی پی) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی تعاون و خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا دارومدار اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔