کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اگر آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف انداز میں ہوئے تو کامیابی پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدار بنایا جائے۔سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کا دن انتہائی اہم ہے، تاہم صبح سے ہی انتخابی عمل میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی کارکن جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں، اس لیے سکیورٹی اداروں کو انتخابی ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔پیپلز پارٹی رہنما نے دعویٰ کیا کہ زمینی صورتحال میں ایک سیاسی جماعت کو عوامی حمایت حاصل نہیں، تاہم اگر انتظامیہ غیر جانبدار رہی تو انتخابی نتائج سب کے سامنے ہوں گے۔