• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورے پاکستان کے عوام پنجاب جیسی ترقی اور طرز حکمرانی کے خواہشمند، عظمیٰ بخاری

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیر ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام پنجاب جیسی ترقی اور طرز حکمرانی کی خواہش رکھتے ہیں۔مخالفین کے پاس عوام کو دکھانے کے لیے کچھ نہیں، اسی لیے وہ بے بنیاد الزامات اور منفی سیاست کا سہارا لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر دریاؤں، بیراجوں ، ڈیموں کی مسلسل نگرانی ، ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشار کی سیاست مسترد کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی، جبکہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں مون سون سے قبل کیے گئے مؤثر انتظامات، جدید انفراسٹرکچر اور بروقت حکومتی اقدامات کے باعث ریکارڈ بارشوں کے باوجود شہریوں کو ریلیف ملا اور کہیں بھی پانی کھڑا نہیں رہا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جن کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ نہیں وہ صرف الزامات لگاتے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ہر اچھے اقدام پر بھی تنقید شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو چاہیے کہ الزامات کے بجائے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے شرپسند عناصر کی کال کو مسترد کرتے ہوئے بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالا اور مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ دھاندلی کے خلاف بیانات دے رہے تھے، وہی ہار کے خوف سے خود دھاندلی پر اتر آئے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید