• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالد عراقی کی چار سالہ مدت مکمل، محمد طفیل آج جامعہ کراچی کا چارج سنبھالیں گے

کراچی (سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی چار سالہ آئینی مدت پیر کو مکمل ہوگئی، جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل منگل کی صبح 11 بجے جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالیں گے،نئے قائم مقام وائس چانسلر کو ادارے کے روزمرہ انتظامی معاملات کے ساتھ ساتھ اہم پالیسی فیصلوں کی نگرانی بھی کرنا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر خالد عراقی پیر کو اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔ وہ 28 جولائی 2022 میں چار سالہ مدت کے لیے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر مقرر ہوئے تھے، تاہم اس سے قبل وہ تقریباً تین برس تک قائم مقام وائس چانسلر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیتے رہے۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر تقریباً سات برس تک ملک کی سب سے بڑی جامعات میں سے ایک، جامعہ کراچی، کی قیادت کی۔ حکومت سندھ نے مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک انتظامی امور کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج سونپ دیا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق وہ منگل کی صبح 11 بجے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہونے والی تقریب میں عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ جامعہ کراچی اس وقت متعدد اہم انتظامی اور تعلیمی معاملات سے دوچار ہے، جن میں نئے تعلیمی سال کی تیاری، مختلف انتظامی تقرریاں، مالی امور، ترقیاتی منصوبے اور مستقل وائس چانسلر کی تقرری کا عمل شامل ہیں۔ ایسے میں نئے قائم مقام وائس چانسلر کو ادارے کے روزمرہ انتظامی معاملات کے ساتھ ساتھ اہم پالیسی فیصلوں کی نگرانی بھی کرنا ہوگی۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر محمد طفیل اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں وسیع انتظامی تجربہ رکھتے ہیں اور این ای ڈی یونیورسٹی میں ان کی قیادت میں متعدد اصلاحاتی اقدامات کیے گئے۔ ان کی تقرری سے جامعہ کراچی میں انتظامی تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، تاہم مستقل وائس چانسلر کی تقرری کا عمل جلد مکمل ہونا بھی ضروری ہے تاکہ جامعہ میں طویل المدتی پالیسی فیصلے مستقل قیادت کی نگرانی میں کیے جا سکیں۔
اہم خبریں سے مزید