لاہور (آصف محمود بٹ) پیرا کے پہلے انفورسمنٹ کیڈر کی سول سروسز اکیڈمی میں خصوصی تربیت کا آغاز۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ( ڈی ایم جی) کیمپس میں انفورسمنٹ افسران کی تربیت حاصل کرنے والا پیرا پہلا سرکاری ادارہ بن گیا۔ چار ماہ پر مشتمل رہائشی تربیتی پروگرام میں 92 سب ڈویژنل انفورسمنٹ افسران میں 28 خواتین شامل، جدید ٹیکنالوجی، قانون اور فیلڈ آپریشنز کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے پنجاب میں ایک پیشہ ورانہ اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ انفورسمنٹ سروس کے قیام کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنے پہلے بیچ کے سب ڈویژنل انفورسمنٹ افسران (SDEOs) کی خصوصی تربیت سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) لاہور کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کیمپس کو ڈی ایم جی کے نام سے جانا جاتا ہے میں شروع کر دی ہے۔ یہ اقدام کئی حوالوں سے منفرد حیثیت رکھتا ہے کیونکہ پیرا پاکستان کا پہلا سرکاری ادارہ بن گیا ہے جس کے انفورسمنٹ افسران کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کیمپس میں تربیت دی جا رہی ہے۔ یہ ادارہ روایتی طور پر پاکستان کی اعلیٰ سول سروس کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ چار ماہ پر مشتمل رہائشی تربیتی پروگرام کا آغاز جولائی 2026 میں ہوا، جو 11 نومبر 2026 کو مکمل ہوگا۔