انقرہ /تہران (اے ایف پی /نیوزڈیسک ) حوثی جنگجوؤں نے سعودی شہر جیزان میں آرامکو کی آئل ریفائنری پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہےجبکہ ترکیہ کی وزارت دفاع کے ترجمان کاکہنا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان‘ سعودی عرب اور ترکی مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے‘عسکری تعاون کو مرحلہ وارفروغ دیاجائےگا‘دفاعی مصنوعات نہ صرف خریدی بلکہ مشترکہ طور پر تیار بھی کی جائیں گی جبکہ تینوں ممالک مزید ہم آہنگی کے لیے مشترکہ عسکری اور سیاسی نظام تشکیل دیں گے‘اس نظام میں تینوں ممالک کے وزرائے دفاع‘ وزرائے خارجہ اورفوجی سربراہان شامل ہوں گے‘ادھرپاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ نئی جنگ کی صورت میں ہمارا رویہ زیادہ جارحانہ ہو گا جبکہ ایران کی وزارت اطلاعات نے سیستان اور بلوچستان میں امریکی واسرائیلی انٹیلی جنس اداروں سے وابستہ دو منظم سیلز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے صدرٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ جعلی خبروں سے بھی زیادہ بری جعلی انٹیلی جنس ہے‘ امریکا محتاط رہے‘ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکا مشرق وسطیٰ میں یوایس ایس ابراہام لنکن کی جگہ نیا طیارہ بردارجہاز یو ایس ایس واشنگٹن تعینات کریگاجبکہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر خراب حالات سے متعلق رپورٹس کو بالکل غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے‘امریکا غیرمعینہ مدت تک ایرانی بندرگاہوںکی بحری ناکہ بندی برقراررکھ سکتا ہے‘ دوسری جانب خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی دعوے کو مستردکرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہرمز مکمل طور پر ایران کے انتظام اور کنٹرول میں ہے‘تہران کی اجازت کے بغیر کوئی جہاز آبنائے سے گزرسکتا ہے نہ گزرنے دیاجائے گا ‘ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہرمز میں تیل اخراج کے بعد ہرجانے کا مطالبہ کیاہے ۔عراقی حکام نے مقامی طور پر تیار کردہ 20 ڈرون قبضے میں لے لیے ہیں جبکہ اس سلسلے میں چار افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔