ملتان (سٹاف رپورٹر) مقامی ہاؤسنگ کالونی عسکری بائی پاس موضع کائیاں پور میں منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی مبینہ خلاف ورزیوں، سرکاری و عوامی مقاصد کے لیے مختص اراضی کے مبینہ طور پر غیر مجاز استعمال، غیر معیاری سڑکوں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایم ڈی اے سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے،کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین ایم ڈی اے عامر کریم خان کو دی گئی درخواست میں چوہدری محمد منظور ایڈووکیٹ، مقصود احمد اور رانا علیم نے مؤقف اختیار کیا کہ بلاک 8/1میں مسجد اور قبرستان کے لیے مختص اراضی کے استعمال میں مبینہ تبدیلی کی گئی ، درخواست گزاروں کے مطابق ہاؤسنگ سکیم میں پارک اور گرین بیلٹس بھی مناسب دیکھ بھال سے محروم ہیں، سڑکوں میں ناقص میٹریل کے مبینہ استعمال کے باعث وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم ڈی اے خصوصی ٹیم کے ذریعے کالونی کا مکمل سروے کرائے اور مختص اراضی کے ریکارڈ کا موقع کی موجودہ صورتحال سے تقابلی جائزہ لیا جائے، غیر معیاری ترقیاتی کام ثابت ہونے کی صورت میں ڈویلپر سے اپنے خرچ پر مرمت یا دوبارہ کارپٹنگ کرانے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔