• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو لوگ خود متحد نہیں وہ شہر کو کیا جوڑیں گے، مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جو لوگ خود متحد نہیں وہ شہر کو کیا جوڑیں گے، سندھ حکومت کی خصوصی گرانٹ سے سائٹ سپر ہائی وے صنعتی علاقے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے اور تمام کام 15 دسمبر سے قبل مکمل کرلئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر مسعود پرویز، جنرل سیکرٹری احفاظ شیخ، منتخب کونسلرز اور دیگر متعلقہ افسران و صنعتکار بھی موجود تھے، میئر نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے سات صنعتی زونز کے لئے سوا نوارب روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی ہے جو ساتوں صنعتی علاقوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی ہے، سائٹ سپر ہائی وے کے لئے 70 کروڑ روپے منتقل کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی درخواست پر انہیں اختیار دیا گیا کہ وہ اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی ترجیحات خود طے کریں، یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے کہ حکومت نے صنعتکاروں کو ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز فراہم کئے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں کے ذہنوں کو جوڑنے کی بجائے توڑنے کی کوشش کی گئی، اب ہمیں یکسوئی، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، شہر کے اندر سے بھاری ٹریفک گزارنے کی بجائے دستیاب متبادل راستوں کو استعمال کیا جانا چاہئے، لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک چلانے کے معاملے پر بھی متعلقہ فریقین کو مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید