ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بیوریجز یونٹس، سپر سٹورز اور ریسٹورنٹس سمیت متعدد فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن کی، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے، 32 لیٹر غیر معیاری سوڈا واٹر اور 10 کلو مضر صحت خوراک تلف کردی گئی، تفصیلات کے مطابق اڈہ مین پکھی، 505 ای بی وہاڑی میں ایکسپائرڈ مشروبات فروخت کرنے، پابندی کے باوجود چائنہ نمک فروخت کرنے اور خوراک کی نامناسب سٹوریج پر 2 سپر سٹورز کو 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح عید گاہ کبیر والا میں بیوریج پلانٹ کو سوڈا واٹر بنانے میں مصنوعی رنگ کا استعمال کرنے پر 10ہزار روپے‘ جنڈیالی بنگلہ میاں چنوں میں پروڈکشن ایریا میں مکڑیوں کے جالے پائے جانے، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی ہونے پر بیکری کو 10 ہزار روپے، آدم واں لودھراں میں ہوٹل کو آئل کی تبدیلی کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے، کھانوں کی تیاری میں ناقص اجزاء کا استعمال کرنے پر 50 ہزار جبکہ ریلوے روڈ دنیا پور میں سپر سٹور کو زائدالمیعاد اشیاء کی موجودگی، دی گئیں ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہونے پر 15ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔