• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرغزستان، 17 معاہدے، دو طرفہ تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے پر اتفاق، دہشت گردی کیخلاف تعاون بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلیم، صحت، تجارت، ماحولیاتی تبدیلی، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے 17معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جبکہ موجودہ دو طرفہ تجارتی حجم20 کروڑ ڈالر تک لے جانے پر اتفاق اور دہشت گردی کیخلاف تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کرغزستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیشرفت ہے،دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھائینگے، کرغزستان کے صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کیساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، ادویہ سازی، زراعت، توانائی، ہلکی مشینری، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت ، ورچوئل اثاثوں اوردیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمدکیلئے تیار ہیں۔جبکہ دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ افغانستان دوسرے ممالک کیلئے خطرہ نہ بنے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور کرغزستان نے تعلیم، صحت، تجارت، ماحولیاتی تبدیلی،سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلیوں اورثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے اور اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کے نئے دور کا آغاز ہے، کاسا1000منصوبے کی بروقت تکمیل ضروری ہے، دہشت گردی ، انتہا پسندی اوردیگرعصری خطرات سے نمٹنےکیلئے تعاون بڑھائیں گے۔ کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نےدونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں اورباہمی تعلقا ت کو نئی سطح پر لے جانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نےان خیالات اظہار بدھ کو پاکستان اورکرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے معاہدوں کی دستاویزات کے تبادلوں کی تقریب کے موقع پر مشترکہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اہم خبریں سے مزید