اسلام آباد(مہتاب حیدر) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے دیگر ڈونرز کے ساتھ مل کر کراچی سے پشاور تک مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے کی مالی معاونت پر آمادگی ظاہر کردی ہے، تاہم بینک نے اسلام آباد پر زور دیا ہے کہ ریلوے کے شعبے میں جامع اصلاحات کی جائیں۔یہ پیغام بدھ کے روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کے ساتھ ہونے والی الگ الگ ملاقاتوں میں دیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا ینگ منگ یانگ نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون، ساختی اصلاحات، سرمایہ کاری، نجی شعبے کی ترقی اور مالی وسائل تک رسائی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ینگ منگ یانگ نے پاکستان میں معاشی استحکام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر وزیر خزانہ اور حکومت کو مبارکباد دی۔