ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان میں ستھرا پنجاب کے ملازمین نے چوک کچہری پر چار ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے چوک کچہری کے اطراف سڑکیں بلاک کردیں اور علامتی جنازے بنا کر سڑک پر لیٹ گئے۔ ملازمین نے بھوک سے مرنے کا احتجاج بھی کیا اور کہا کہ تنخواہیں نہ ملنے تک احتجاج جاری رہے گاحتجاج کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاج کے دوران چوک کچہری سے گزرنے والے شہریوں اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی اور جھڑپوں کے واقعات بھی پیش آتے رہے انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان اور ویسٹ مینجمنٹ کے آپریشن منیجر انوار الحق موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی، تاہم ملازمین نے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں لالی پاپ نہیں چاہیے، تنخواہیں ملیں گی تو ہی احتجاج ختم کریں گے۔سارا دن جاری رہنے والے احتجاج کے باعث چوک کچہری اور اطراف میں ٹریفک کا نظام متاثر رہا۔ بعد ازاں مظاہرین نے انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد احتجاج کل تک موخر کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے عملی پیش رفت نہ ہوئی تو دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے ۔