ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان ایونیو کی حفاظت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 9کلومیٹر طویل ملتان ایونیو کی حفاظت کیلئے خصوصی حفاظتی میکنزم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ایونیو کی حفاظت کیلئے خصوصی ایسیٹ مینجمنٹ اسکواڈ قائم کیا جائے گا، جو 24 گھنٹے ایونیو کی نگرانی اور پٹرولنگ کرے گا۔ مختلف محکموں کے اہلکار خصوصی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکواڈ اہلکار تجاوزات، غیر قانونی روڈ کٹس اور دیگر خلاف ورزیوں کی فوری نشاندہی کریں گے۔ خلاف ورزی کی تصویر اور تفصیلات متعلقہ محکمے کے فوکل پرسن کو فوری ارسال کی جائیں گی، جبکہ فوکل پرسن شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی یقینی بنائے گا۔کمشنر نے کہا کہ ملتان ایونیو کی حفاظت کیلئے متعلقہ محکموں کے درمیان براہ راست رابطے کا موثر نظام قائم کیا جائے گا۔ اسکواڈ کی کارکردگی کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ کسی بھی خلاف ورزی پر بروقت کارروائی ممکن ہو۔عامر کریم خاں نے کہا کہ خصوصی حفاظتی اسکواڈ کے قیام کے بعد پہلے 30 دن انتہائی اہم ہیں، اس دوران اسکواڈ کی کارکردگی، نگرانی کے نظام اور کارروائیوں کا خصوصی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔