ملتان( سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق فعال بنانے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد نشتر ہسپتال کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے ریگولر سرٹیفکیشن دلوانا اور مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ پرنسپل ڈاکٹر راشد قمر راؤ نے اس موقع پر زور دیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے 1100 سے زائد انڈیکیٹرز اور 162پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نے کہا کہ بہترین صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ریگولیٹری نظم و ضبط، وقت کی پابندی‘ درست یونیفارم، بہترین پیشنٹ کئیر، صحیح ڈاکومنٹیشن‘ درست ڈرگ پریسکرپشن، پراپر ڈسچارج اور مریضوں کے ساتھ شائستہ رویہ بنیادی تقاضے ہیں۔ انہوں نے تمام وارڈز کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے وارڈز کی مکمل اونر شپ لیں اور ہر معیار پر عملی کام کریں۔ پرنسپل نشتر میڈیکل کالج کی ہدایت پر ہر وارڈ میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو ابتدائی دو سے تین ہفتے وارڈز کی نگرانی کریں گی اور اس کے بعد دیگر وارڈز کو کراس چیک کریں گی۔ فائر سیفٹی کے حوالے سے بھی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کر کے تمام فائر سیفٹی انڈیکیٹرز کو پورا کرے گی۔ اسٹاف کی باقاعدگی اور وقت کی پابندی کو بہتر بنانے کے لیے ہر وارڈ میں مانیٹرنگ آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے جو روزانہ صبح آٹھ بجے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور وارڈز میں چیکنگ کرے گا اور وائٹ کوٹ و نیم پلیٹ کا بھی جائزہ لے گا۔ پرنسپل نشتر میڈیکل کالج نے اعلان کیا کہ اب ہر بدھ کو یہ میٹنگ ریگولر بنیادوں پر ہو گی۔