کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بورڈ کے فیصلوں پر تنقید کرنیوالوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی تنقید سےکوئی فرق نہیں پڑتا جنہوں نےخود کچھ نہیں کیا، انگلینڈ میں جو کچھ کیا، ضروری تھا، پرفارمنس کےعلاوہ دیگر معاملات ہیں، فی الحال اسے دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا مجھے بہت دکھ ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا جو لوگ مجھ پر تنقید کرتے ہیں، کرکٹ انہیں کے آنے سے تباہ ہوئی، لوگوں کی تنقید پر نہیں جاؤں گا، تنقید کرنے والے کبھی کہتے ہیں کہ اس کو نکال دو، کبھی کہتے ہیں اسے کیو ں کھلایا، تنقید سے نہ گھبرایا ہوں ناگھبراتاہوں، ان کی تنقید سےکوئی فرق نہیں پڑتا جنہوں نےخود کچھ نہیں کیا۔