• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ نے نظام صحت مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ سندھ نے اپنے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور بالخصوص ماؤں اور بچوں کے لئے صحت کی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے کے لئے بھرپور کوشش کی ہے۔ ہم نے زچہ و بچہ کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری کی ہے، خواتین کیلئے معیشت میں شرکت کے مزید مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات انھوں نے بدھ کو گیٹس فاونڈیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،وفد نے وزیر اعلیٰ ہاوس میں مراد علی شاہ سے ملاقات کر کے انھیں گیٹس فاونڈیشن کی تھرائیونگ فیوچر فنڈ کے بارے میں بریفنگ دی،گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے صنفی مساوات کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی ، ملاقات میں تھرائیونگ فیوچرز فنڈ اور زچہ و بچہ کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبائی وزیر برائے خواتین کی ترقی شاہینہ شیر علی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی بورڈ نجم شاہ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری آصف جمیل، دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے شریک بانی و چیئرمین مشتاق چھاپرا، عائشہ سلمان، اینڈریو فریرا اور احمد اقبال نے شرکت کی۔ڈاکٹر انیتا زیدی نے وزیراعلیٰ سندھ کو تھرائیونگ فیوچرز فنڈ کے بارے میں بریفنگ دی۔
اہم خبریں سے مزید