حیدرآبا(رپورٹ، امجد اسلام) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئین میں تذکرہ ہے کہ آبادی بڑھے گی تو صوبے اور ڈویژن بھی بڑھیں گے، ایم کیو ایم نے سڑکیں دیکھ رکھی ہیں اب دوبارہ سڑکیں آباد کرنے کا وقت آرہا ہے ، آبادی کے لحاظ سے ایڈمنسٹریٹو یونٹ بنیں گے کسی کا باپ نہیں روک سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے حیدرآباد کوہ نور چوک پر 6 ستمبر یوم شہدا کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی، مصطفی کمال، فاروق ستار دیگر نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج آزادی دلانے والوں کی اولادیں جمع ہیں کہ آزادی کی خوشیاں منارہے ہیں، لیکن آزادی کے بعد ایسا نظام دیا جو غلاموں کو پیدا کررہاہے، انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے مستقبل کے لئے فیصلہ کرنا ہے۔ پاکستانی عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ یہ حق پرستوں کا شہر ہے جس نے ظلم، جبر اور زیادتیوں کے خلاف ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، آج کا دن وہ اعتماد تھا کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت محفوظ ہاتھوں میں ہے اب ہم نے پاکستان کا مستقبل بھی محفوظ ہاتوں کرنا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ جو میری اور آج کی تہذیب ہے ، زبان ہے وہی پاکستان کی تہذیب ہے اور زبان ہے، نکلنا ہے پاکستان کے لئے اپنی زبان اور تہذیب کے لئے ہم سب کو نکلنا ہے۔ ہمیں جو آزادی ملی تھی تو پتہ نہیں ایسے لوگوں کے پاس چلی گئی جو دنیا کے بہترین غلام تھے، انہوں نے کہا کہ ہم جہاں ہیں اور جہاں ایم کیو ایم ہے وہاں جمہوریت ہے، ہمارے پاس مضبوط فوج ہے یہاں ایک مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے۔