کراچی/ حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر/ بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام اور فسطائیت کی بدترین مثال قراردیاہے جبکہ وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی رات گئے کراچی پہنچ گئے سہراب گوٹھ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ قبل ازیں حیدر آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے دو خاندان اقتدار کو اپنے خاندان سے باہر نہیں جانے دیتے، پہلے باپ، پھر بیٹی، شوہر اور نواسے کو اقتدار ملتا ہے، جس نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا وہ چور ہے۔ حیدر چوک پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب کی وزیراعلیٰ کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے بھارت کے بجائے دیگر تین صوبوں سے خطرے کا ذکر کیا ہے، جس پر انہیں معافی مانگنی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی حیدرآباد سے رات گئے کراچی پہنچ گئے، اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ بھی ان ہمراہ تھے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سے کراچی تک تقریباً چھ گھنٹے کا سفر، مختلف مشکلات کا سامناکرنے کے بعد مکمل ہوا۔ قافلے نے راستے میں حائل رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے سفر جاری رکھا، کراچی ٹول پلازہ پہنچنے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، کارکنان نے سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی قیادت کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔