ملتان ( سٹاف رپورٹر )قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان نے لیہ کے میگا آن لائن فراڈ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت ملتان میں دائر کر دیا۔نیب ملتان کو 200 سے زائد متاثرین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر ملزمان عبدالحئی، سمر عباس اور دیگر 7 افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جو بعد ازاں ایک بڑے آن لائن فراڈ اور اسکینڈل کی صورت میں سامنے آیا۔ اس معاملے سے متعلق تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں بھی جاری تھیں، جس کے بعد معاملہ نیب کو منتقل کیا گیا۔ نیب تحقیقات کے مطابق ملزمان نے مختلف جعلی کمپنیوں، جن میں سمٹ فور ایکس ۔سمٹ اے ایچ ایکسپرٹ “Summit 4X Trade” اور “Summit AH Expert” وغیرہ شامل ہیں، کے ذریعے سرمایہ کاری اسکیموں اور آن لائن ٹریڈنگ کے نام پر غیر معمولی منافع کا لالچ دے کر شہریوں سے تقریباً 70 کروڑ روپے حاصل کیے اور مبینہ طور پر رقم میں خوردبرد کی۔ کیس میں اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب نیب ملتان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی مفرور ملزم عبدالحئی کو کراچی سے گرفتار کر لیا۔