راولپنڈی/پشاور(نیوز ایجنسیاں) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی دستوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے افواج پر عزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کور ہیڈ ہیڈ کوارٹرز پشاور کے دورے کے موقع پر کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا۔ دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے فرانس کے سیکرٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی کی جی ایچ کیو میں ملاقات کی، اس موقع پر خطے کی سیکورٹی صورتحال، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی، خیبر پختونخوا میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز اور سرحدی انتظام بارے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل کو سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور ملک اور عوام کے تحفظ کیلئے افسران و جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا۔فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے مسلح افواج پرعزم ہیں۔پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔علاوہ ازیں فرانس کے سیکرٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روچے نے پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر ژاں نول پوئریے کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔