کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہےکہ ا ردو بولنے والوں نے ایم کیو ایم کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ریلی میں میں شامل نہ ہو کر اپنے مؤقف کا اظہار کیا ہے ایم کیو ایم کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گی ایک صاحب جن کے لئے دکھی ہیں انہوں نے کبھی صوبے کی بات نہیں یہ لوگ سینٹرل، بہادر آباد مرکز اور صوبے کی بات کریں گے ظاہر ہے نائن زیرو صوبے کی بات نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والے میرے بہن بھائی ہیں، انہیں کسی قسم کے خوف میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے ضلع وسطی میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت ہفتہ صفائی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتے، وہ ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتے یہی لوگ کہتے تھے منزل نہیں، رہنما چاہئے، نجانے کون کون سے نعرے لگایا کرتے تھے پھر ایک ٹھاکر صاحب آئے تو ان لوگوں کے نعرے بھی تبدیل ہوگئے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ماضی میں کراچی کے شہریوں کو بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد جیسے مسائل کا سامنا رہا، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ شہریوں کو امن، تحفظ اور بلاخوف کاروبار و روزگار کی یقین دہانی کرائی جائے۔ صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو بھی یہ اعتماد دیا جانا چاہئے کہ انہیں بھتہ خوری یا کسی قسم کی دھمکیوں کا سامنا نہیں ہوگا ۔وزیر بلدیات نے کہا کہ صاف، سرسبز اور خوبصورت کراچی بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے، جس کی تکمیل کے لئے سندھ حکومت دن رات کوشاں ہے۔ ضلع وسطی سمیت کراچی کے تمام علاقوں میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، کچرے کی بروقت منتقلی اور صفائی کے معیار کی نگرانی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اس مقصد کے لئے مانیٹرنگ کا نظام بھی مزید بہتر کیا گیا ہے ۔