اسلام آ باد (نیوزرپورٹر) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی‘ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیاجبکہ شہباز شریف شام کے صدر احمد الشرع اوربوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈینس بیچیرووچ سے بھی ملے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی رابطے میں رہنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دریں اثناءشہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان ‘ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔ بدھ کوسوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم کا کہناتھاکہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے‘پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کی حفاظت کے لیے غیر متزلزل طور پر مملکت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔