• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقی کا مقصد محض دولت پیدا کرنا نہیں، انسانی وقار کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا چاہئے، وزیراعظم

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے حق ترقی سے متعلق بین الاقوامی عہدنامے کو جلد از جلد اپنانے کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی کا مقصد محض دولت پیدا کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے سماجی ترقی اور انسانی وقار کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا چاہیے، پوری توجہ امریکا ایران ثالثی پر مرکوز، امید نہیں چھوڑی، پاکستان اپنے ہمسایہ ملک ایران اور امریکا کے درمیان ایک مخلص اور دیانت دار ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کواقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ڈیکلیریشن آن رائٹ ٹو ڈویلپمنٹ کی 40 ویں سالگرہ پراعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حق ترقی کے تحت ہر شخص کا یہ حق ہے کہ وہ ایک بہتر مستقبل کی تلاش کرے اور ہر قوم کا یہ حق ہے کہ وہ مستقبل کی تعمیر کے لیے ضروری وسائل رکھتی ہو۔انہوں نے کہا کہ چالیس سال قبل حق ترقی کے اعلامیہ نے انسانوں کو ترقی کے مرکز میں رکھتے ہوئے اس بات کی توثیق کی کہ ترقی عوام کا ناقابل تنسیخ حق ہے، اس کا پیغام انتہائی اہم تھا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترقی کا مقصد محض دولت پیدا کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے سماجی ترقی اور انسانی وقار کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ترقی پذیر دنیا میں یہ وعدہ ایک تلخ حقیقت کا سامنا کر رہا ہے،قرضوں کی ادائیگی مالی گنجائش کو محدود کر رہی ہے اور ان قلیل وسائل کو استعمال کر رہی ہے جو دنیا بھر میں انسانی ترقی کے لیے مختص ہونے چاہئے تھے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی آفات برسوں کی محنت سے حاصل ہونے والی ترقی کے ثمرات کو مٹا رہی ہیں جبکہ ٹیکنالوجی میں عدم مساوات پرانے معاشرتی اور اقتصادی فاصلے کو ایک نئے ڈیجیٹل دور میں منتقل کرنے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایسے حق کو حقیقت میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ اسے عملی جامہ پہنانے کے ذرائع ہی فراہم نہ کیے جائیں، لہٰذا ایک فعال اور موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

اہم خبریں سے مزید