کراچی( ثاقب صغیر )سندھ میں مختلف جرائم میں ملوث مفرور اور اشتہاری ملزمان کی تعداد 77 ہزار سے تجاوز کر گئی،پولیس کے مطابق رواں برس 14 ہزار سے زائد مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق سندھ بھر کے تھانوں میں مختلف جرائم میں ملوث مفرور اور اشتہاری ملزمان کی تعداد 77 ہزار 630 ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق رواں برس 13 ہزار 549 اشتہاری ملزمان کا اضافہ ہوا، 6 ہزار 864 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا ،1131 اشتہاری ملزمان لسٹ سے خارج ہوئے جبکہ 30 اشتہاری ملزمان ہلاک ہوئے۔اس وقت سندھ میں اشتہاری ملزمان کی تعداد 38 ہزار 435 ہے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں برس 20 ہزار 182 مفرور ملزمان کا اضافہ ہوا، 7 ہزار 977 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 5 ہزار 28 مفرور ملزمان لسٹ سے خارج ہوئے جبکہ 12 مفرور ملزمان ہلاک ہوئے۔اس وقت سندھ میں مفرور ملزمان کی تعداد 39 ہزار 195 ہے۔پولیس کے مطابق رواں برس مجموعی طور پر 14 ہزار 841 مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔