کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہراہ بھٹو کے قریب امیر زادے کی بنا نمبر پلیٹ گاڑی ،اسلحہ نمائش، شہری کی پٹائی،آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو روکا ، گارڈ کے ساتھ ملکر تشدد کا نشانہ بنایا،فائرنگ بھی کی،پولیس تفتیش شروع،بغیر نمبر پلیٹ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص کی سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کار سوار شہری سے جھگڑے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ۔بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی اور سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے اسلحہ کی آزادانہ نمائش کے واقعے نے متعلقہ حکام پر کئی سوال اٹھا دیئے ، متاثرہ شہری آن لائن ٹیکسی کا ڈرائیور ہے جس کے ہمراہ خاتون مسافر بھی سوار تھی ۔واقعہ بلوچ کالونی ایکسپریس وے سے شاہراہ بھٹو کی جانب جاتے ہوئے پیش آیا ، مسافر خاتون کے موبائل فون اور کار میں لگے ہوئے کیمرے نے جھگڑے کے واقعے کو محفوظ کرلیا جسے متاثرہ شہری نے پولیس کو فراہم کر دیا ، بغیر نمبر پلیٹ کی سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص اور سیکیورٹی گارڈ سے جھگڑے کے حوالے سے شہری حمید سلطان نے کورنگی صنعتی ایری تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔