اسلام آباد(مہتاب حیدر)پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات شروع،حکومت پر پیٹرولیم لیوی کم کرنے کیلئے دباؤبڑھ رہا ہے ، 2026-27کے معاشی و مالیاتی فریم ورک پر نظرثانی زیرغور،پاکستان نے زیادہ تر اہداف اور کارکردگی معیار پورے کرلیے۔ایس ایل اے کے بعد 1.2ارب ڈالر منظوری کی راہ ہموار ہوگی،ایف بی آر کی دو ماہ ٹیکس وصولی 1,722ارب روپے تک پہنچ گئی۔حکام کا کہنا ہے سڑکیں بند اور معاشی سرگرمیاں معطل ہونے سے ایف بی آر ہدف متاثر ہونیکا خدشہ، رکاوٹیں ٹیکس وصولی کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں،پاکستان اور دورہ کرنے والے آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت چوتھے جائزے کی تکمیل کے لیے مذاکرات کا آغاز کردیا ہے، جن میں مالیاتی فریم ورک پر بھی بات چیت کی جارہی ہے۔ یہ مذاکرات ایسے وقت شروع ہوئے ہیں جب حکومت پر پیٹرولیم لیوی کا بوجھ کم کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔