کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نےسندھ میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولیابی کا مکمل اور مستند ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے جدید نظام قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیرصدارت ورلڈ بینک کے وفد کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ورلڈ بینک کے نمائندگان، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والے فنڈز کی خصوصی نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے تاکہ عوام سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کا پیسہ منصفانہ، شفاف اور عوامی مفاد میں خرچ ہونا یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ٹاؤن کی سطح پر پراپرٹی ٹیکس کی وصولیابی کا بنیادی مقصد لوکل کونسلز کو مالی طور پر مضبوط بنانااور اپنے پیروں پر کھڑا کرنا اور انہیں عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے۔